دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے آزادکشمیر کیلئے تقریبا30ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)21اکتوبر2022۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی کوششوں کی وجہ سے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے آزادکشمیر کیلئے تقریبا30ارب کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔یہ منصوبے آزادکشمیر کے ترقیاتی عمل میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 48میگا واٹ شونٹرہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیلم کیلئے11ارب27کروڑ 43لاکھ اور 22میگا واٹ جاگراں IVہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیلم کیلئے6ارب 61کروڑ46لاکھ جبکہ مظفرآباد اٹھمقام روڈ پر کامسر تا کہوڑی 3.7کلو میٹرٹنل و چھلپانی0.6کلو میٹر ٹنل کیلئے12ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
ر وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں معاشی مشکلات کے دوران سعودی فنڈ کی فراہمی آزادکشمیر کے عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔ اس وقت بھی مشکل معاشی حالات میں سعودی عرب کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال بھی اس موقع پر موجودتھے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جاگراں IV(22میگاواٹ) ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔ پراجیکٹ کی انتظامی منظوری جاری کی جا چکی ہے۔ پراجیکٹ کے لیے درکار اراضی آزادحکومت نے اپنے مالی وسائل سے حاصل کر لی ہے۔ اکنامک افیئر ڈویژن اورSFDکے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شونٹر 48میگاواٹ پراجیکٹ کا PC-Iسنٹرل ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے۔ اکنامک آفیئر ڈویژن اورSFD کے مابین لون ایگریمنٹ پر ابتدائی دستخط ہو چکے ہیں۔ ان پراجیکٹس سے حاصل ہونے والی بجلی کو مظفرآباد گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر کے لیے رقم بھی مختص ہے۔ پراجیکٹس کی تعمیر کے بعد دیگر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہونے کی بنا پر مظفرآباد ڈویژن کو بجلی کی فراہمی لوکل سطح پر ممکن ہو سکے گی جس سے دارالخلافہ میں لوڈشیڈنگ کے مسائل مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔ پراجیکٹس کی تعمیر سے روزگار کے مواقع میسر ہو ں گے۔انہوں نے کہاکہ مظفرآباد تا تا بٹ سڑک سیاحت اور اس سے ملحقہ دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بارش کے دوران کامسر او ر چھلپانی کے مقام پر خطرناک ہو جاتی ہے جہاں پر اس سے قبل انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ اس خدشہ کے پیش نظر ان دونوں جگہوں پر ٹنل ہا کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے درکار فنڈ مالیتی 20کروڑ 62لاکھ 50ہزار سعودی ریال SFDفراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کرونا وائر س کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں تباہ ہوئیں، جی ٹوینٹی ممالک بھی معاشی مشکلا ت کا شکار ہیں، ایسے وقت میں سعودی عرب کی جانب سے آزادکشمیر کیلئے ترقیاتی فنڈز دینے سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کی محنت اور تجربے کی بدولت ہمیں یہ کامیابی ملی،فیاض علی عباسی نے نے بطور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حکومت آزادکشمیر کی ٹیم کو لیڈکیا۔ آزادکشمیر میں مالی مشکلات کو موجود ہیں جن سے باہر نکلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ان کا شکرگزار ہوں۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی نے کہا کہ ان منصوبوں پر ایک ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔

واپس کریں