دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
یوکرین جنگ کے اثرات برطانوی حکومت کو لے ڈوبے، معاشی بحران پر وزیر اعظم لزٹرس مستعفی
No image لندن( کشیر رپورٹ) برطانوی وزیر اعظم، کنزر ویٹیو پارٹی کی سربراہ لز ٹرس نے وزارت عظمی کے عہدے سے استعفی دے دیا،وہ چھ ہفتے وزیر اعظم عہدے پر رہیں، استعفے کی بڑی وجہ برطانیہ کی بری معاشی صورتحال اور برطانوی عوام کو درپیش معاشی مشکلات بتائی جا رہی ہیں، لز ٹرس کے استعفے کے حوالے سے آئندہ الیکشن میں کنزر ویٹیو کو بڑا نقصان ہو گا۔وزیراعظم لز ٹرس کے مستعفی ہونے سے برطانیہ میں بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی۔ یوکرین اور روس کی جنگ کے اثرات سے برطانیہ شدید متاثر ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں اشیائے ضروریہ، گیس ، بجلی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ وزیر اعظم لز ٹرس کو لے ڈوبا۔لز ٹرس نئے وزیر اعظم کی تقرری تک وزیر اعظم کے عہدے پہ کام کرتی رہیں گی۔لز ٹرس نے معاشی اصلاحات کے عزم سے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا تھا۔آدھی دنیا سے زیادہ علاقوں پہ حکمرانی کرتے ہوئے وہاں کے وسائل لوٹ کر ملک کو غیر معمولی طورپر دولت مند بنانے والا برطانیہ شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور برطانوی عوام شدید معاشی دبائو کا شکار ہیں اور اس صورتحال کے برطانوی حکومت اور سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔برطانوی عوام نے وزیر اعظم لز ٹرس کے استعفے پر خوشی کا اظہار کیا گیا کیونکہ وزیر اعظم لز ٹرس نے معاشی اصلاحات کے اپنے عزم کو پورا کرنے کے بجائے برطانوی عوام کو ناقابل برداشت معاشی دبائو کا شکار کر دیا ہے۔
لز ٹرس نے محض 45 دن وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کے بعد ڈرامائی طور پر جمعرات کو وزیراعظم کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔لز ٹرس نے کہا ہے کہ ان کے جانشین کا انتخاب ٹوری قیادت کے مقابلے میں کیا جائے گا، جو اگلے ہفتے میں مکمل ہوگا۔ ٹرس نے کہا کہ وہ اس وقت تک عہدے پر رہیں گی جب تک کہ کوئی جانشین باضابطہ طور پر پارٹی سربراہ کا عہدہ نہیں سنبھال لیتا اور کنگ چارلس سوم کی طرف سے وزیر اعظم مقرر نہیں کیا جاتا۔جیریمی ہنٹ ،جنہیں گزشتہ ہفتے چانسلر مقرر کیا گیا تھا - نے کہا ہے کہ وہ اگلے وزیر اعظم بننے کے لیے قیادت کے مقابلے میں نہیں کھڑے ہوں گے۔کنزرویٹو ایم پیز کی 1922 کی بیک بینچ کمیٹی کے چیئرمین سر گراہم بریڈی نے کہا کہ اگلے ہفتے جمعہ تک لیڈرشپ بیلٹ کا اختتام ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ کنزرویٹو ممبران کو اس بارے میں رائے دی جائے گی کہ محترمہ ٹرس کی جگہ کون آتا ہے، لیکن مزید تفصیلات بعد میں بتائیں گے۔
اس صورتحال میں یہ امکان بھی پایا جاتا ہے کہ برطانیہ میں قبل از وقت عام انتخابات کرائے جا سکتے ہیں، تاہم کنزر ویٹیو پارٹی اپنی کمزور پوزیشن کی وجہ سے نئے انتخابات سے گریزاں ہے۔ یہ صورتحال لیبر پارٹی کے لئے موافق ہے کیونکہ اس سے لیبر پارٹی کی انتخابات میں کامیابی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
واپس کریں