دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی الیکشن، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں24اکتوبر تک توسیع ، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتظامات کا اعلی سطحی جائزہ اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)19 اکتوبر2022۔آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی ۔ الیکشن کمیشن سے جاری ترمیمی نوٹیفکیشن کےمطابق امیدواران کی جانب سے کا غذات نامزدگی 24اکتوبر2022تک جمع کروائے جا سکتے ہیں جبکہ تعطیلات کے دوران بھی امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے25 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد نامزد اہل امیدواران کی فہرست جاری کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اور 26اکتوبر کو کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف اپیلٹ ٹریبونل کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جبکہ27اور 28 اکتوبر تک ان اپیلوں کی سماعت اور ان پر فیصلے دیے جائیں گے۔ 29 اکتوبر سہ پہر دو بجے تک امیدوار الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر سکیں گے جبکہ 29 اکتوبر کو سہ پہر دو بجے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ 31 اکتوبر کو امیدواران کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور امیدوارا ن کی نشانات کے ساتھ حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ 27نومبر 2022بروزاتوار کو صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بلاتعطل پولنگ ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، ڈائریکٹرجنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شبیر عباسی، ڈی آئی جی پولیس راجہ شہریار سکندر، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حمید مغل ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالہ سے سیکورٹی فورسز کی مامورگی اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کے انتظامات اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالہ سے حکومت آزاد کشمیر سیکورٹی فورسز کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیگی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے کچھ محکمہ جات، اداروں اور سرکاری ملازمین کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بارے شکایات کے حوالہ سے بھی اجلاس کو بریف کیا۔ چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،جن انتظامی افسران کے خلاف شکایات ہیں ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کچھ محکمہ جات میں ضابطہ اخلاق کے اجراء کے بعد Back Dated تعیناتیاں و تبادلوں کے حوالہ الیکشن کمیشن میں شکایات جمع کروائی گئی ہیں جس پر چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالہ سے تمام محکمہ جات کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں جن سرکاری ملازمین کے خلاف شکایات ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ضابطہ اخلاق کے اجراء کے بعد اگر کوئی تبادلہ بھی کیا گیا ہے تو اس پر کارروائی کی جائیگی۔
٭٭٭٭٭

واپس کریں