دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی الیکشن کے لئے 34ہزار ملٹری فورسز، رینجرز اور پولیس نفری کی تحریک وفاق کو کردی ہے، الیکشن کمیشن کو ایک ارب میں سے پچاس کروڑ دیا جا چکا ہے، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)19اکتوبر 2022۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو 34ہزار ملٹری فورسز، رینجرز اور پولیس نفری دی جانے کے لیے وفاق کو تحریک کر دی گئی ہے، امید ہے کہ اتنی تعداد میں نفری مل جائے گی۔اس کے علاوہ ایک ارب میں سے پچاس کروڑالیکشن کمیشن کو دیا جا چکا ہے تا کہ آزاد کشمیر میں صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات ہو سکیں۔چیف سیکرٹری نے صدر پریس کلب سید آفاق حسین شاہ اور پرنٹ اینڈ ڈیجیٹل سیشن کے سیکرٹری جنرل ظہیر احمد جگوال سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر میڈیا کی ترقی صحیح معنوں میں تحریک آزاد ی کشمیر کو اجاگر کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہو گی۔ریاست کے اندر کشمیر سیل اس طریقے سے کام نہیں کر رہا جس طریقے سے اسے کرنا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے میڈیا کی صنعت کو باضابطہ صنعت کا درجہ دیا جانے کی ضرورت ہے اور یہاں کے اخبارات کو اتنا فعال بنایا جانا چاہیے کہ یہ بھارتی میڈیا کے مقابلے میں اپنا کردار ادا کر سکیں، اس سلسلے میں محکمہ تعلقات عامہ کو مزید مضبوط اور فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
عثمان چاچڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر بڑے وسائل موجود ہیں جس سے ریاست کی آمدن میں بے پناہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔چاروں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا ہے جس کا اثرآزاد کشمیر پر بھی پڑا ہے۔مگر ہماری روٹین کی رقم متاثر نہیں ہوئی وہ ریلیزز ہمارے پاس آرہی ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی ہر محاز پر حمایت جاری رکھی۔پاکستان کے چاروں صوبوں سے زیادہ ریاست کے لوگوں کو تعمیر و ترقی میں شامل کیا جا رہا ہے۔اور وفاقی حکومت کی ترجیحات اسی میں ہے کہ وہ ریاست کو ان پاور کریں۔چیف سیکر ٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ 31سال بعد آزاد کشمیر کا بلدیاتی نظام بحالی کی طرف گامزن ہے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان اور دیگر تمام سٹیٹ ہولڈر ریاست کے اندر فری اینڈ فیئر الیکشن کروانے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد پریس کلب کی بلڈنگ کا دورہ بھی کریں گے اور ریاستی صحافیوں کو جتنی بھی سہولیات فراہم کر سکتے ہوئے وہ بھی کریں گے۔
واپس کریں