دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امریکا کو پاکستان کے اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کرنے کے عزم اور صلاحیت پر اعتماد ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا بیان
No image واشنگٹن۔18اکتوبر (کشیر رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان کے اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کرنے کے عزم اور صلاحیت پر اعتماد ہے۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہی۔امریکہ میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا بیان امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے سینئر پالیسی ایڈوائزر ڈیرک شولٹ کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے عزم اور ایٹمی اثاثوں کو محفوظ بنانے کی صلاحیت پر یقین ہے۔امریکا نے ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم ہے اور امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان ایک ایسا رشتہ قائم ہے جسے ہم اہم سمجھتے ہیں اور جس پر ہم واقعی مضبوطی سے قائم ہیں۔
قونصلرڈیرک شولٹ نے پاکستانی سفیر مسعود خان کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک ٹوئٹ بیان میں کہا کہ ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری پر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے فائدے کے لیے صحت، زراعت، تعلیم، انٹرپرینیورشپ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات کی گئی۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ٹوئٹ بیان میں امریکی قونصلر ڈیرک شولٹ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات میں مزید لچک پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک اعتماد کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مسعود خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اعلی سطح کے دوروں سے عوامی سطح پر وفود کے تبادلے اور موثر رابطے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات مسلسل مضبوط ہوں گے۔
واپس کریں