دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سلامتی کونسل غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لے، وزیرخارجہ
No image اسلام آباد۔15اکتوبر (کشیر رپورٹ):وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ سلامتی کونسل کو غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے جاری غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لینا چاہئیے۔ یہ بات انہوں نے سلامتی کونسل کے صدر اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام اپنے مکتوب میں کہی ہے۔دفترخارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو یہ مکتوب لکھا ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے خط میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے جس میں خاص طور پر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے جاری غیر قانونی اقدامات کاحوالہ دیاگیاہے۔
وزیر خارجہ نے ہندوستان کی طرف سے غیرقانی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرکے عوام کو حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیرخارجہ نے یاددلایاکہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 سے کئے گئے یکطرفہ اقدامات، بشمول مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی جاری منظم کوششیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، چوتھا جینیواکنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی حکومت خطے میں آنے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر میں 25 لاکھ نئے ووٹرز کو رجسٹر کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں مداخلت کرکے مزید تبدیلی کی جا سکے۔
وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل کی واحد قانونی بنیاد سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے ریاست کے حتمی فیصلے کا تعین کیا گیا ہے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے جاری غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا فوری نوٹس لے۔بھارت کو یاد دلانا چاہئیے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اورکشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود تعین کریں گے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل پر بھی زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کریں۔


واپس کریں