دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)12 اکتوبر2022۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی کے سوالوں پر وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ دس سال سے فرائض انجام دینے والے معلمین قرآن کو مستقل کرنے کے لیے 496قراء کی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دس سال سے خدمات دینے والوں کو مستقل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ12سال سے کم سروس والے ایڈہاک ملازمین کی فراغت کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر میں صداقت نہیں۔ ایڈہا ک کمیٹی کی جانب سے ایڈہاک ملازمین کے کوائف مانگے گئے ہیں اور اس حوالہ سے 21اکتوبر کو اجلاس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ساڑھے 4ہزار ناظرہ قرآن ٹیچرزکی آسامیاں تخلیق کر رہے ہیں۔ 496قراء کی مستقلی کے بعد ان کے سکیل کو اپ گریڈ کریں گے۔ وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے سردار جاوید ایوب کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ کیتھ لیب کارڈیک ہسپتال میں کام چلانے کے لیے موجودہ ایم ایس کوتعینات کیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے ٹریننگ کے لیے میڈیکل آفیسران اور سٹاف کو بھیجا گیا ہے۔ جس کے بعد متعلقہ شعبہ سے ہی تعیناتیاں کی جائیں گی۔وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے سردار جاوید ایواب کے سوال پر اایوان کو بتایا کہ دبئی ایکسپو 2020میں حکومت آزادکشمیر کی ہدایت کے مطابق آزادکشمیر سے وفد نے نمائندگی کی۔ اس حوالہ سے وفاقی حکومت کی بھی ہدایات تھیں۔ دبئی ایکسپو میں کشمیر کی ثقافت اور ورثہ کو اجاگر کیا گیا۔ وزیر صنعت چوہدری مقبول گجر نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں 41 ایم او یو سائن کیے گئے جن کی تفصیل ایوان میں پیش کریں گے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر عاصم شریف نے ایوان کو بتایا کہExpoدوبئی ایکسپو میں آزادکشمیر سے جانے والے وفد میں کل16افراد شامل تھے۔انہوں نے وفد میں جانے والی شخصیات اور ثقافتی طائفے میں شامل افراد کے ناموں کی فہرست اورExpoدوبئی میں نمائش میں قائم پویلین/وفد کے سفری وہائشی اخراجات کی تفصیل ایوان میں پیش کی۔
وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے ممبرا سمبلی سردار جاوید ایوب کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ ایڈمنسٹریٹو کیڈر رولز2019ء کے تحت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی اسامیاں بذریعہ پبلک سروس کمیشن فل کی جاتی ہیں۔ اس سلسلہ میں ان اسامیوں کی ریکوزیشن پبلک سروس کمیشن کو ارسال شدہ ہے۔ کار سرکار کی تہتری/کام چلاؤ کی خاطر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی اسامیوں پر بذریعہ تبادلہ(سینئر ٹیچر) تعینات کیئے گئے ہیں اور ان کی تعیناتیاں بعد از منظوری مجاز اتھارٹی (وزیر ایلیمنٹری سکینڈری ایجوکیشن) عمل میں لائی جاتی ہیں۔ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے امیدواران کے چناؤ کے بعد تقرریاں کردی جائیں گی اور یہ عارضی انتظام ختم ہوجائے گا۔ان اسامیوں پر تعیناتیاں محض کام چلاؤکی خاطر عمل میں لائی گئی ہیں۔وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے ممبر اسمبلی چوہدری قائم مجید کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ بشارت شہید گورنمنٹ بوائز ہائی سکول"ترقیاتی سکیم "تعمیر /بقیہ کام ہمراہ بشارت شہید سکول پلاک وگورنمنٹ گرلزہائی سکول پلاک ضلع میرپور میں شامل ہے۔ سکیم مالی سال2016ء مالیتی79.527ملین روپے منظور ہوئی۔ جس کے خلاف37.501ملین روپے کا ورک آرڈر2019ء میں جاری ہوا۔ واگزار کیئے گئے کریڈٹ کے خلاف تمام اخراجات عمل میں لائے جاچکے ہیں۔متذکرہ سکیم جون2020ء کوADPسے خارج ہوچکی ہے اس کے خلاف مزید اخراجات ممکن نہیں ہیں۔ متذکرہ بالا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور سکیمADPسے خارج ہونے کی وجہ سے موقع پر تعمیراتی کام بند ہے۔ آئیندہ مالی سال بقیہ کام کی تکمیل کے لئے نئی ترقیاتی سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کرواتے ہوئے بقیہ کام کی تکمیل کی جائے گی۔وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے ممبر اسمبلی چوہدری عامر یاسین کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ ضلع کونسل کوٹلی کی جانب سے موصولہ جواب کے تحت ضلع کونسل اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے مالی سال2021-22میں مختلف سیکٹرز میں 83منصوبہ جات جن کی کل مالیت1,93,69,000/-روپے ہے۔یہ منصوبہ جات وزراء کرام، ممبراسمبلی اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل کوٹلی کی منظوری سے دیئے گئے ہیں۔خواجہ فاروق احمد نے ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی کی جانب سے موصولہ جواب کے تحت میونسپل کارپوریشن کوٹلی کی حدود میں منصوبہ جات وزیراعظم، وزراء کرام، ممبران اسمبلی کی ہدایات کی روشنی میں تحت ضابطہ حاصل شدہ اختیارات کے تحت منظور ہوئے۔ میونسپل کارپوریشن کوٹلی کی جانب سے سکیم ھاء کی لاگت اور وارڈز وائز تفصیل میں شامل ہیں۔وزیر زراعت سردار میر اکبر خان نے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ درست ہے کہ متعلقہ علاقائی حدود اختیار کی بنیاد پر آسامی مشتہر کرکے تقرری عمل میں لائی جاسکتی ہے۔فی الحال متذکرہ آسامی خالی ہے۔ کسی امیدوار کی تقرری عمل میں نہیں لائی گئی۔محکمہ زراعت میں موجود گریڈ بی۔1تا بی۔11کی تمام خالی آسامیوں کی تفصیل اکٹھی کی جارہی ہے۔ جلدہی تمام اسامیوں کو اخبار میں مشتہر کردیا جائے گا اور توسیع مرکز میراخورد میں بھی اہل امیدوار کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔
٭٭٭٭

واپس کریں