دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سنتورس مالکا ن کا ضلعی انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کا اعلان۔ سنتورس سیل کرکے مقدمے درج،7رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم
No image اسلام آباد(کشیر رپورٹ) دارلحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے اور جدید شاپنگ مال ' سنتورس' میں گزشتہ روز آگ لگنے کے واقعہ پہ ' سنتورس' کی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کے درمیان تنازعہ پیدا ہو گیا ہے، سنتورس مالکان کی طرف سے انظامیہ پر آگ بجھانے میں تاخیر اور سنتورس کے مالک وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے بیٹے اور بھائی سے تلخ کلامی کے الزامات میں انتظامیہ کے خلاف عدالت میں جانے کی بات کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے سنتورس کو سیل کر کے نامعلوم افراد کے خلاف آگ لگانے کے الزامات میںمقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنتورس کی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی مبینہ سست روی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔سنتورس شاپنگ مال کی انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مشینری کی کارکردگی ناقص تھی جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں تاخیر کی گئی۔نجی مال انتظامیہ کا مقف ہے کہ ناقص کارکردگی کی جانب توجہ دلانے پر ضلعی انتظامیہ نے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا اور مال کے مالک کے بیٹے اور بھائی کے ساتھ ضلعی حکام نے بدتمیزی کی۔
دوسری طرف آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے۔مقدمہ 436 دفعہ کے تحت ایس ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے شاپنگ مال کو نامعلوم وجوہات پر آگ لگائی، ٹاور اے شدید آگ کی لپیٹ میں تھا، ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال کو سیل کردیا گیا ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مال میں آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونیکی اجازت نہیں ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے نجی مال کو فوری سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کمیٹی کے کنوینئر مقرر کئے گئے ہیں،کمیٹی تعین کرے گی کہ عمارت میں فائر سیفٹی آلات آپریشنل تھے یا نہیں، کمیٹی آتشزدگی کے باعث نقصانات کا بھی تعین کریگی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی، شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا رہا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ سنتورس مال کو جدید خطوط پر تعمیر ،قائم کیا گیا تھا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق سب سے پہلے آگ چوتھے فلور پہ واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں لگی جہاں سے دیگر حصوں تک پھیل گئی، یہ امر حیران کن ہے کہ جدید حفاظتی سہولیات کے باوجود کچن ایریا میں لگی آگ پہ عمارت میں آگ بجھانے کے انتظامات سے آگ پر قابو کیوں نہ پایا جا سکا۔بہرحال تحقیقات سے ہی تمام صورتحال اور اصل حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔

واپس کریں