دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اسلام آباد کے مشہور شاپنگ کمپلکس سنتورس میں آگ پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا
No image اسلام آباد(کشیر رپورٹ) تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے ایف ایٹ سیکٹر میں واقع مشہور شاپنگ کمپلکس ' سنتورس' میں آگ کو بجھا دیا گیا ہے اور اب ' کولنگ' کا عمل جاری ہے۔آگ بجھانے میں تقریبا تین گھنٹے لگے۔ آگ سے ایک فلور مکمل طور پر جل گیا جبکہ اس سے اوپر رہائشی ایریا کے چند حصے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، اندر موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سنتورس میں آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کولنگ اور چیکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد کمپلکس کو سیل کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد کے ایف ایٹ سیکٹر میں واقع مشہور شاپنگ کمپلکس ' سنتورس' میں اتوار کو آگ لگ گئی ۔آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دور سے نظر آ رہے ہیں۔ آگ لگنے کے وقت سنتورس شاپنگ کمپلکس میں بڑ ی تعداد میں لو گ موجود تھے۔ سوشل میڈیا پہ ایسی وڈیو شائع ہوئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاپنگ مال کے اندر بڑی تعداد میں موجود لوگ پریشانی اور گھبراہٹ کے عالم میں تیزی سے باہر جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔بتایا جا تا ہے کہ سنتورس میں لگی آگ کو فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں بجھانے میں مصروف ہیں۔فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے، آگ کے شعلے اور عمارت سے دھواں اٹھتے دیکھا جاسکتا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا ہے۔آگ لگنے کے اس واقعہ سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ اس جدید شاپنگ کمپلکس میں آگ پہ قابو پانے کے انتظامات ناقص ہیں۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم تنویر الیاس سنتورس کے شریک مالک ہیں۔
اسلام آباد کے کمشنر و چیرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے کہا ہے کہ آگ مال کے رہائشی اپارٹمنٹس کی بالکونی کے ذریعے اوپر جا رہی ہے، ہم نے ہیلی کاپٹر کیلیے درخواست کر دی ہے، جو کچھ دیر میں پہنچ جائے گا، ہیلی کاپٹر کے مدد سے آگ کو اوپر پھیلنے سے روکنے میں مدد ملے گی، تین سے چار ٹیمیں مال کے اندر بھجوا دی ہیں، یقینی بنا رہے ہیں کوئی بھی شخص مال کے اندر موجود نہ ہو، پاکستان نیوی کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، جو ہماری معاونت کر رہی ہیں، نجی مال میں آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پا لیا گیا۔
واپس کریں