دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پی ٹی آئی' آزاد کشمیر کا قیوم نیازی کے خلاف شوکاز نوٹس ، ' پی ٹی آئی' کا انتشارعروج پہ ، وزیر اعظم تنویر الیاس کے خلاف کسی بھی وقت عدم اعتمادکی تحریک آ سکتی ہے
No image مظفر آباد (کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی کو پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائید کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں15دن کے اندر ذاتی یا تحریری طور پر جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔جبکہ عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ انہیں کسی قسم کا شو کاز نوٹس نہیں ملا،وزیر اعظم اگر اصلاح کی گفتگو کا برا منائیں تو میں پھر کیا کہوں گا، ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔یہ شوکاز نوٹس سوشل پیڈیا پہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
' پی ٹی آئی' آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان کی طرف سے 7اکتوبر کو جاری شوکاز نوٹس میں سابق وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے 26ستمبرکو ایک پریس کانفرنس سمیت کئی پبلک فورم پہ پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کے خلاف گفتگو کی ، اس پر ان سے سوالات کئے گئے ہیں کہ انہوں نے کہا کہ پارٹی بلدیاتی اور جنرل الیکشن نہیں جیت سکتی، وزیر اعظم احسن طریقے سے فرائض اد انہیں کر رہے، وزیر اعظم پر اپوزیشن سے ٹکرائو پیدا کرنے کا الزام لگایا اور وزیر اعظم کو لطیف اکبر اور دوسرے اپوزیشن رہنمائوں کے گھروںمیں جا کر معافی مانگنے کو کہا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپوزیشن سے کمپرومائیز کے خلاف ہیں، ایسے موقع پہ اپوزیشن کی زبان بولنا ، پارٹی معاملات کو پبلک فورم پہ زیر بحث لانا ، اپوزیشن کے گھر جا رک معافی کی ہدایت کرنا چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن اور پارٹی پالیسی کے مغائر ہے، عمران خان کے مظفر آباد جلسے سے پہلے اپوزیشن کی حمایت میں پریس کانفرنس کی، حالیہ تقریر میں پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی کہ وہ وزیر اعظم کے خلاف بغاوت کریں۔
اسی دوران مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پر مسلط نااہل حکمرانوں کو عدم اعتماد کے ذریعے جلد گھر بھیج دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ناکام ترین حکومت ہے جسے خود ان کے سابق وزیر اعظم نے چارج شیٹ کر دیا ہے ،حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے ،اب ان کا جانا ٹہر گیا ہے،حکومت جو مرضی کر لے لیکن بچ نہیں سکتی۔
آزاد کشمیر کی متحدہ اپوزیشن نے آزاد کشمیر کی تنویر الیاس حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ کر لیا ہے۔آزاد کشمیر میں ' پی ٹی آئی' حکومت میں انتشار، عدم اتفاق، عناد ، نفرت اور بے زاری اپنے عروج پہ ہے اور یہ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کا بہترین وقت ہے،اگر متحدہ اپوزیشن اس وقت سے فائدہ نہ اٹھا سکے تو یہ بات نا صرف نااہلی سے تعبیر ہو گی بلکہ اس کا سیاسی نقصان دیرپا اثرات کا حامل بھی ہوسکتا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس کی سربراہی میں قائم آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی' حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کب اسمبلی میں داخل کی جاتی ہے۔

واپس کریں