دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس ، وقفہ سوالات،بھارتی وزیر داخلہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کی مذمت میں قرار داد
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)6اکتوبر2022۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے 08 اکتوبر2005 کے زلزلہ کے شہدا اور گزشتہ عرصہ کے دوران فوت شدگان کے لیے ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ اس موقع پر ممبران اسمبلی کی جانب سے 08 اکتوبر 2005 کے زلزلہ کے بعد بحالی و تعمیر نو کے حوالہ سے کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں وقفہ سوالا ت کے دوران وزیر صحت ڈاکٹرنثا ر انصر ابدالی نے ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ RHCگڑھی دوپٹہ حلقوں کا سنگم ہے اور84گائوں پر مشتمل علاقہ میں واقع ہے۔RHCگڑھی دوپٹہ میں اس وقت02فی میل ڈاکٹرز اور 01ڈینٹل سرجن(میل) تعینات اور حاضر ڈیوٹی ہیں۔RHCگڑھی دوپٹہ میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف حاضر ڈیوٹی ہیں اور عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔RHCگڑھی دوپٹہ کی عمارت کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے جب کہDRUپراجیکٹ میں فنڈز کی کمی کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔ فنڈز کی فراہمی/دستیابی کے لئے معاملہ زیر کار ہے اور فنڈز کی فراہمی پر بقیہ کام جلد مکمل ہوجائے گا اور RHC کواس نئی عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے کہا کہ گڑھی دوپٹہ رورل ہیلتھ سینٹر کی عمارت کو مکمل کر کے جلد فعال کریں گے۔ وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ کیتھ لیب کارڈیک ہسپتال میں گریڈ 1 سے 5 تک آسامیوں پر ٹیسٹ انٹر ویو کے بعد میرٹ پر تعیناتیاں ہو چکی ہیں۔ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پٹہکہ میں سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے وہاں سے منتخب ممبر سردار جاوید ایوب کے ساتھ ہسپتال کا دورہ کروں گا۔
وزیر شاہرات چوہدری اظہر صادق نے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ راڑہ سانواں روڈ اتراسی نالہ پل کا کام جولائی2017 میں شرو ع ہوا۔ پل کیWorking Drawings سنٹر ل ڈیزائن آفس مظفرآباد سے16اپریل2018 کو موصول ہوئی۔ ابتدائی سکیم اور Working Drawingsمیں Abuttmentsکی اونچائی میں اضافہ کی وجہ سے کام کی لاگت میں اضافہ ہوا اور PC-1کی لاگت کے اندر رہتے ہوئے موقع پر کام کیا گیا۔محکمہ نے اس منصوبہ کو مکمل کرنے کے لئےP&DDکو سکیمRe-openکرنے کے لئے تحریک کی تھی جس کی روشنی میں محکمہ منصوبہ بندی وترقیات نے جواباPC-1کو تین سال کے بعد Re-openکرنے اور موقع پر کام نہ کرنے کی وضاحت کے علاوہ ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے ان کے خلاف انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹریٹ ورکس سے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی ہدایت پر معاملہ میں تاخیر کی وجوہات کی وضاحت کے علاوہ ذمہ دار ان، آفیسران/اہلکاران کا تعین کرنے اور ان کے خلاف انکوائری عمل میں لانے کی خاطر چیف انجینئر تعمیرات عامہ شاہرات(نارتھ) کو حکم دیا گیا۔ فی الوقت معاملہ زیر کار ہے۔
وزیر زراعت سردار میر اکبر خان نے چوہدری لطیف اکبر کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ محکمہ زراعت میں کسی قسم کی ورکچارج گرانٹ موجود نہ ہے جس کے خلاف ورکچارج ملازمین کو بھرتی کیا جائے۔ البتہ ترقیاتی منصوبہEstablishment of Rose Garden at Shoukat Lines & Tulip Demonstration at Jalabalabad Muzaffarabad کیلئے یومیہ اجرات(Daily Wages)پر عارضی مزدور تعینات کرتے ہوئے کام کروایا جارہا تھا اور پراجیکٹ کا دورانیہ دسمبر2021 میں اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ چونکہ پراجیکٹ کی مد "Land Development"کے خلاف مختص شدہ فنڈز ختم ہوچکے تھے اس لئے پارک کی صفائی کے لئے خاکروب اور نگرانی کے لئے صرف چوکیدار کو یومیہ اجرت پر رکھا گیا ہے جو کہ 31دسمبر2021 کو فارغ ہو چکے ہیں۔ پراجیکٹ کے اختتام پر پارک کی نگرانی اور صفائی کے امور کے لئے محکمہ میں پہلے سے تعینات شدہ ملازمین مامور کیئے گئے ہیں۔ محکمہ کی جانب سے کوئی بھی نیا امیدوار پراجیکٹ میں تعینات نہیں کیا گیا۔وزیر زراعت سردار میر اکبر خا ن نے ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی کے سوال پرایوان کو بتایا کہ جھنڈ گراں ٹو لنگر پورہ کردلہ میانی بانڈی واٹر چینل سکیم منصوبہ بندی وترقیات کے زیر انتظام ورلڈ بنک کے تعاون سے ترقیاتی منصوبہ"Disaster and Climate Resilience Improvement Project (DCRIP)"کے تحت مکمل ہوچکی ہے۔

ڈپٹی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد کی زیر صدارت جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے عشر و زکوا محمد مظہر سعید نے قراردادیں پیش کیں جنہیں ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ہ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کے دور ہ کشمیر کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے اس معزز ایوان کے سامنے یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ ایسے موقع پر بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ مقبوضہ کشمیر کے تین روزہ دورے پر جموں پہنچ گئے ہیں۔ جب الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق جموں وکشمیر اسمبلی کے لئے انتخابات کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔امیت شاہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم شناخت مٹانے، بھارت کے فوجی قبضے کو دوام بخشنے اور انسانی حقوق کو پامال کرنے والے مجرموں کی فہرست میں نریندر مودی کے بعد دوسرے نمبر ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کی وحدت اور تشخص کو توڑنے کا مرکزی کردار بھارتی وزیرداخلہ کشمیریوں کو قومیت اور علاقائیت کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ کشمیر پر فاشسٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کا کنٹرول ہے۔ امیت شاہ اپنے دورے میں کشمیریوں کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ امیت شاہ05اگست2019 کو بھارتی لوک سبھا میں مرکزی کردارتھے جب انہوں نے آرٹیکل370اور35-Aکو زبردستی منسوخ کروایا۔ ان کے دورے کا مقصد کشمیر میں مسلم مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لئے لسانیت، قومیت اور علاقائیت کے نام پر ریاست کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی سازش اور گمراہ کرنا ہے۔ جموں وکشمیر کے لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس طرح بھارتی حکمرانوں بالخصوص بھارتیہ جنتا پارٹی کے سفاک لیڈروں نے نہ صرف کشمیریوں کی شناخت چھین لی ہے بلکہ ان کے سیاسی اور مذہبی حقوق کو بھی غصب کیا ہے۔میں اس ایوان میں یہ مذمتی قرارداد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کو سمجھیں۔ امیت شاہ کے دورہ کا مکمل بائیکاٹ کرکے قومی بھائی چارہ برقراررکھیں اور اس عزم کا اعادہ کریں کہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر کو مدنظررکھتے ہوئے حل کیا جائے۔کشمیر میں اجتماعی قبریں انسانی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہیں۔ سپیکر صرف آزادکشمیر ہی نہیں پورا کشمیر، وادی، جموں او ر لداخ سمیت ہمارا ہے۔ اورسیز کشمیری بھائیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو نہ بھولیں اور ہر جگہ انڈیا کے ظالمانہ رویہ کے خلاف آوازیں اٹھائیں۔ یہ ایوان دس ہزار سے زائد گرفتار کشمیری مظلوموں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے صرف یاسین ملک ہی نہیں بلکہ تمام اسیر کشمیریوں کو رہا کیا جائے۔ہم اپنی ان بہنوں کے نہیں بھول سکتے جنہوں نے وطن کی آزادی کے لئے اپنے جگر گوشوں کی قربانیاں دی ہیں۔ یہ ایوان تمام گرفتار کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ یہ ایوان اجتماعی قبروں کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔ یہ ایوان وزیرداخلہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کی شدید مذمت کرتا ہے۔ کشمیر کے مسئلہ کے منصفانہ حل حق خودارادیت کا مطالبہ کرتا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سار اہے۔

ڈپٹی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی چوہدر ی ریاض احمد کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم و ممبر اسمبلی سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ایوان میں آنے سے ہم پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ایوان کا تقدس بحال رکھنا ہم سب ممبران اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں علاقائی، قبیلائی اور برادری ازم کی سیاست سے ہٹ کر ریاست کے تشخص کی بحالی کے لیے کردار ادا کر نا ہے۔ آخر میں ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری ریاض احمد نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔
٭٭٭٭




واپس کریں