دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آزاد کشمیر کے لفظ کے استعمال کے ساتھ آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بھی قرار دیا ہے
No image اسلام آباد (کشیر رپورٹ)امریکہ کے پاکستان میںمتعین سفیر ڈونلڈ بلوم نے پہلی بار آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور اس دوران وہ مظفر آباد، باغ اور راولاکوٹ گئے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر آزادکشمیر کے لفظ کا استعمال کیا جس پر مختلف حلقوں کی طرف سے خوشی کا اظہا رکیا جار ہا ہے کہ امریکی سفیر نے کشمیر کے اس خطے کے لئے آزاد کشمیر کے لفظ کا استعمال کیا ہے۔ امریکہ کی عمومی پالیسی یہی ہے کہ امریکہ کی طرف سے '' پاکستان کے زیر انتظام کشمیر '' اور '' ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر '' کی اصطلاح کا استعمال کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے سابق سنیئر سفارت کار عبدالباسط جو ہندوستان میں بھی پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں، نے بھی اپنے ' وی لاگ' میں امریکہ کی طرف سے آزاد کشمیر کے لئے '' آزاد کشمیر '' کے لفظ کے استعمال کو اپنا موضوع بنایا ہے۔برطانیہ کے سرکاری میڈیا ادارے'' بی بی سی'' نے بھی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں '' آزاد کشمیر'' کے لفظ کے استعمال کو موضوع بناتے ہوئے اس پہ ایک نیوز رپورٹ شائع کی ہے۔مختلف حلقوں کی طرف سے امریکہ کی طرف سے '' آزاد کشمیر '' کے لفظ کے استعمال کو مختلف معنی دینے اور امریکی نیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تاہم اس معاملے میں ایک اہم معاملہ اور بھی ہے جس پر کسی کی توجہ مبذول نہیں ہوئی، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے دورہ باغ میں آزاد کشمیر کا لفظ استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بھی کہا۔یوں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم اور امریکی سفارت خانے کی طرف سے آزاد کشمیر کا لفظ استعمال ہونے پہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ یہ نہایت تشویش کی بات ہے کہ امریکی سفیرکی طرف سے آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ قرار دینے سے امریکہ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو موجود ہ تقسیم کی بنیاد پر ہی حتمی طور پر حل کئے جانے کی کوشش نظر آتی ہے۔جبکہ کشمیر کی موجودہ تقسیم کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کی روائیتی کشمیر پالیس کے منافی ہے اور کشمیری بھی جبر کی بنیاد پر سیز فائر لائین کے ذریعے کشمیر کو غیر فطری اور کشمیریوں کو جبری طور پر تقسیم کرنے کے سختی سے مخالف ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوشش کے دوران سابق سینئر سفارت کار عبدالباسط نے انکشاف کیا تھا کہ ایسا امریکی دبائو پہ کیا جا رہا ہے کیونکہ امریکہ کشمیر میں '' سٹیٹس کو'' قائم رکھنا چاہتا ہے، موجودہ تقسیم کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر حل کراناچا ہتاہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی طرف سے باغ میں میڈیا سے گفتگو میں آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ کہنے کے وڈیو کلپ کا لنک،
https://www.facebook.com/Humanworld/videos/627484878958506

واپس کریں