دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس، وقفہ سولات میں آٹے،کیڈٹ کالج پلندری،مظفر آباد حلقہ 28پر بات،دبئی نمائش کی تفصیل بتائی گئی
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)05اکتوبر 2022۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خوراک علی شان سونی نے کہا کہ آزادکشمیر میں آٹے کے لیے مختص کوٹہ کم نہیں ہوا اورایک کرائٹیریا کے تحت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ سرکاری آٹے اور پرائیویٹ آٹے کی قیمتوں میں 1900روپے کا فرق ہے جس کی وجہ سے سرکاری آٹا کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے۔ اس حوالہ سے تمام ڈپٹی کمشنر ز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کہیں کمی بیشی ہے تو اس کو دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مل مالکان کو کوٹہ کے مطابق گندم دی جا رہی ہے اور سو فیصد کوٹہ پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مختص کوٹہ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مختص شدہ آٹا سمگل تو نہیں ہو رہا۔ سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس معاملہ پر حکومت آزادکشمیر حکومت پاکستان سے بات کرے۔ سابق وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ یہ معاملہ ریاست کا معاملہ ہے، اس کو دیکھا جائے۔ ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا کہ نیلم میں بھی اس حوالہ سے مسائل ہیں۔ میرے حلقہ میں ایک جگہ آٹا کی ایلوکیشن 230 ٹن تھی جو اب 130 ٹن رہ گئی ہے۔ ممبر اسمبلی سردار عامر الطاف نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گندم پورے کوٹے کے مطابق ملوں تک پہنچ رہی ہے۔ اجلاس میں سپیکر نے رولنگ دی کہ گزشتہ سال کے آٹا کی ایلوکیشن میں کمی نہیں البتہ اضافہ ضرور ہونا چاہیے۔ اس حوالہ سے ہر 6 ماہ بعد فزیکل ویری فکیشن بنائی جائے اور چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے ممبر اسمبلی جاوید اقبال بڈھانوی کے سوا ل پر ایوان کو بتایا کہ آزاد کشمیر کی آبادی 2017 کی مردم شماری کے مطابق تقریبا 42 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔اس آبادی کی نصف سے زیادہ غذائی ضروریات محکمہ خوراک کی جانب سے فراہم کردہ آٹا سے پوری کی جاتی ہیں۔ جبکہ دیگر غذائی ضروریات پرائیویٹ مارکیٹ کے ذریعہ دستیاب آٹا کے علاوہ مقامی پیداوار سے پوری کی جاتی ہیں۔ محکمہ خوراک کی جانب سے گزشتہ تین سالوں سے پرائیویٹ مارکیٹ کے مقابلہ میں سرکاری آٹا معیاری اور سستا ہونے کی وجہ سے اس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ خوراک نے عوام کو انکی ضروریات اور ڈیمانڈ کے مطابق آٹا فراہم کیا ہے اور مقرر کردہ کوٹہ میں گزشتہ سالوں کی نسبت کمی کے بجائے اضافہ کیا گیا ہے اور عوام کو تسلسل سے ان کی ضرورت کے مطابق آٹا مہیا کیا جا رہا ہے۔ عوام محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ اس سبسڈائزڈ سہولت سے مستفید بھی ہو رہی ہے اور کسی بھی ضلع سے آٹا کی عدم دستیاب کی کوئی شکایت نہ ہے۔ اس وقت پرائیویٹ مارکیٹ میں نئے فصلی سال شروع ہونے کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ آٹا کی قیمتوں میں معمولی فرق ہے۔ تاہم گزشتہ چار پانچ ماہ سرکاری آٹا پرائیویٹ آٹا کی نسبت تین سو سے پانچ سو روپے فی 20 کلو گرام سستا دستیاب رہا ہے اور محکمہ کی جانب سے عوام کی ڈیمانڈ کے مطابق ان کو آٹا فراہم کیا گیا ہے۔ بالخصوص ماہ اپریل 2022 میں رمضان پیکج کے تحت آزاد کشمیر کی عوام کو تقریبا تیس ہزار ٹن آٹا سستے داموں فراہم کیا گیا ہے۔ آٹا کی ایلوکیشن میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی ہے۔ بلکہ عوام کی بنیادی غذائی ضروریات اور سبسڈی فنڈز کومد نظر رکھتے ہوئے تسلسل سے غلہ فراہم کیا جا رہا ہے اور جن جن علاقوں میں پرائیویٹ آٹا دستیاب نہ ہے وہاں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔سیلاب کی وجہ سے مسائل ہیں لیکن آزادکشمیر میں آٹا کی کمی نہیں ہو نے دیں گے۔
اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے ممبر اسمبلی نبیلہ ایوب کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ کیڈٹ کالج پلندری کو حکومت کی جانب سے90.000ملین روپے گرانٹ فراہم کی جاتی ہے۔ دیگر اخراجات کالج اپنے وسائل سے پورا کرتا ہے۔ اس طرح گرانٹ اور آمدن از وسائل دونوں کے خلاف ٹوٹل بجٹVettکیا جاتا ہے۔مذکورہ بالا کالج کے لئے مالی سال2021-22میں 90.000ملین روپے کی گرانٹ مختص شدہ تھی اور کالج وسائل کو ملا کر کل205.463ملین روپے کا بجٹVettکیا گیا تھا۔ادارہ کی جانب سے تنخواہ والانسز کے لئے ڈیمانڈ کردہ129.205ملین وپے مختص کیئے گئے ہیں۔ سال رواں کا بجٹ جبVettingکے لئے ارسال کیا جائے گا تو حکومت وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ زیر غور لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارے کے بجٹ میں جو شارٹ فال ہے اس کو بھی دیکھیں گے۔ ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کے سوال پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ REPIDکو سلیکٹ کرنے کے حوالہ سے کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔ آزادکشمیر کے 2 لاکھ 15 ہزار بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کو سکولوں تک لانے میں مسائل ہیں جن کو دیکھ رہے ہیں جبکہ دیگر معاملات پر کمیٹیاں بنی ہوئی ہیں۔
وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ حلقہ ایل اے28مظفرآباد2جولائی2016 تا جون2021 تکSDP، وزیراعظم انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت (PMCIDP)کے تحت1197منصوبہ جات کی تعمیر وتکمیل کے لئے251,740,775/- روپے مہیا کیئے گئے۔
ممبر اسمبلی کی تحریک پر سپیکر نے یہ معاملہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے سپر د کر دیا۔ ممبر اسمبلی سردا رجاوید ایوب کے سوال پر وزیر صنعت و تجارت چوہدری محمد مقبول نے کہا کہ Expoدبئی میں آزادکشمیر سے جانے والے وفد کے Expoدبئی نمائش میں قائم پویلین /وفد کے سفر و رہائشی اخراجات کی مکمل تفصیل ایوان میں فراہم کریں گے۔

واپس کریں