دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سیاسی جماعتوں کے اعتراضات دور کر دیئے، بلدیاتی الیکشن کا شیڈول آئندہ چند روز میں جاری، چیف الیکشن کمشنر
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)05 اکتوبر2022۔آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس بدھ کے روزمنعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت میر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد30 نومبر سے پہلے یقینی بنایا جائے گا۔ آزادکشمیر کے تینوں ڈویژنز میں ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کا انعقادکیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا شیڈول آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ حکومت آزادکشمیر کو شیڈول کی تاریخوں کے حوالہ سے تحریک کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں اور دیگر معاملات کے حوالہ سے سیاسی جماعتوں کے اعتراضات بھی دور کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامی امور کے حوالہ سے اپنے انتظامات مکمل کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے حوالہ سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ جس سرکاری ملازم کے بار ہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت موصول ہوئی اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بات بھی زیر غور آئی کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے شکایت کی ہے کہ کئی مقامات پر مقامی انتظامی و پولیس آفیسران اپنے ہوم اسٹیشن پر تعینات ہیں جس کی وجہ سے آمد ہ بلدیاتی انتخابات کے صاف شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد میں جانبداری کے خدشات پائے جاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو بذریعہ مکتوب ہدایت کی ہے کہ انتظامی افسران کو ان کے آبائی علاقوں /اضلاع میں تعینات نہ کیا جائے اور جو لوگ اپنے علاقوں / اضلاع میں تعینات ہیں ان کو الیکشن شیڈول سے قبل تبدیل کر دیا جائے۔
واپس کریں