دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
انڈیا میں'آرایس ایس' کی قیادت والی' بی جے پی 'حکومت آنے سے ہی ملک میں سماجی عدم مساوات کا بیج بویا گیا،سینئر کانگریسی رہنماناناپٹولے
No image ممبئی (کشیر رپورٹ)مرکز میں آر ایس ایس کے قیادت والی بی جے پی حکومت کے آنے کے بعد سے ملک میں مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ملک کے عوام کے ذہنوں میں مرکزی حکومت کے خلاف شدید ناراضگی ہے مودی حکومت کی مختلف سطحوں سے سخت تنقید کی جارہی ہے، اس کے باوجود مودی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔یہ باتیں ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج آر ایس ایس ملک میں سماجی عدم مساوات کی بات کر رہی ہے، جبکہ سچائی یہ ہے کہ آر ایس ایس نے ہی اسے پیدا کیا ہے اور پالا پوسا ہے۔ اگر آر ایس ایس واقعی مہنگائی، غریبی وسماجی عدم مساوات سے پریشان ہے تواسے مودی حکومت سے جواب طلب کرنا چاہئے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہی ملک میں عدم مساوات کا بیج بویا ہے اور وہی اس کے پھیلنے کی ذمہ دار ہے۔گزشتہ 8 سال سے مرکز میں آر ایس ایس کے نظریے کی حامل حکومت ہے اور بی جے پی کی مودی حکومت سنگھ کے نظریے کے مطابق ہی کام کر رہی ہے۔ اس حکومت کے دوران غریبوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ مودی حکومت خود کہتی ہے کہ ملک میں 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ ترقی کی شرح سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران سب سے زیادہ تھی۔ 24 کروڑ لوگوں کو غربت کی سطح سے اوپراٹھایا گیا تھالیکن مودی حکومت کے دور میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے شرح نمو مسلسل گر رہی ہے۔ 27 کروڑ لوگ پھر سے غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔ بیروزگاری 45 سال میں سب سے زیادہ ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی ملک کی غربت کی بات کرتے ہیں، لیکن مودی حکومت عوام کے مفاد میں فیصلے کرتی نظر نہیں آتی۔پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ساتھ راہل گاندھی بھی مسلسل ان مسائل کو اٹھا رہے ہیں اور مرکزی حکومت سے جواب مانگ رہے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا میں مہنگائی، بے روزگاری، سماجی عدم مساوات جیسے مسائل بھی اٹھائے جا رہے ہیں اس لیے آر ایس ایس کو اس پر توجہ دینی چاہیے، لیکن آر ایس ایس اس کے بارے میں کھوکھلی فکر مندی کا مظاہرہ کررہی ہے جو کہ بالکل اس جیسا ہے کہ میں مارنے کا ڈرامہ کرتا ہوں، تم رونے کے اداکاری کرتے رہو-
نانا پٹولے نے کہا کہ آج ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے سب سے بڑے بحران کا سامنا کر رہے ہیں لیکن مودی حکومت کے دوران روزگار پیدا کرنے کے بجائے موجودہ ملازمتوں کو ہی ختم کردیا گیا ہے۔ سنگھ کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ملازمت کے متلاشیوں کو نئے کاروبار شروع کرکے روزگار پیدا کرنے پر زور دیا جانا چاہئے جبکہ وزیر اعظم مودی نوجوانوں کو پکوڑے تلنے اور رکشہ چلانے جیسے کام کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ اگر آرایس ایس کو واقعی سماجی عدم مساوات کی فکر ہے تو انہیں مودی حکومت کو عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے پر مجبور کرنا چاہیے اور یہ حکومت صرف دو لوگوں کے مفاد کے لیے کام نہ کرے بلکہ پورے ملک کی عوام کی بھی فکر کرے۔
واپس کریں