دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وفاقی کابینہ نے عمران خان، ان کے ساتھی وزرا اور اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دے دی
No image اسلام آباد۔2اکتوبر (کشیر رپورٹ):وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس پربڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان، ان کے ساتھی وزرا اور سابق سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نےڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی منظوری دی ہے ۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی ، کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی ،کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا ،وفاقی کابینہ نے’’سرکولیشن سمری‘‘ کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی ۔
کابینہ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے،ایف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے،ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے،ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔واضح رہے کہ ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی ،ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی۔ آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔


واپس کریں