دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں وزیر اعظم تنویر الیاس کے خلاف عدم اعتماد، شاہ غلام قادر اور طارق فاروق سوموار کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات کریں گے
No image مظفرآباد ( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیرکے سنیئر صحافی طارق نقاش نے مسلم لیگ ن کے ذرائع کے حوالے سے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ '' میاں نوازشریف آزادکشمیرمیں پی ٹی آئی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی کسی تحریک میں حصہ لینے کے بوجوہ خواہشمند نہیں ہیں،تاہم اس حوالے سے کسی فیصلہ کیلئے آزادکشمیرشاخ کے صدرشاہ غلام،سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق اوربیرسٹرافتخارگیلانی ان سے سوموارکوملاقات کرینگے''۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت کے وزیر اعظم تنویر الیاس کے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کے لئے لندن گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر کی تنویر الیاس حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ کیا گیا تھا اور یہ بتایا گیا تھا کہ عدم اعتماد کے معاملے کو آگے بڑہانے کے لئے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر لندن جا کر قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی پہلے ہی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
یہاں یہ اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر اس اطلاع کو درست تسلیم کیا جائے کہ''میاں نوازشریف آزادکشمیرمیں پی ٹی آئی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی کسی تحریک میں حصہ لینے کے بوجوہ خواہشمند نہیں ہیں'' ، تو اگر ایسا ہی ہے تو پاکستان میں ' پی ٹی آئی' کی حکومت کیوں ختم کی گئی اور پنجاب میں کیوں ختم کی گئی؟ کیا ایسا نواز شریف صاحب کی مرضی کے بر خلاف ہوا تھا؟ یقینا نہیں ، اس حوالے سے اصول یکساں ہونا چاہئے اورقائد مسلم لیگ ن کو کشمیریوں کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔
تاہم یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ قائد مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر میں ' پی ٹی آئی' حکومت سے متعلق یہ رائے، جو بقول طارق نقاش مسلم لیگ ن کے '' ذرائع '' بیان کر رہے ہیں، حقیقت پر مبنی نظر نہیں آتی ، کیونکہ اس وقت مسلم لیگ ن کے ایسے کوئی بھی '' ذرائع'' نظر نہیں آتے جو اس معاملے سے متعلق قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی رائے سے آگاہ ہوں۔ دوسرا یہ کہ یہ معاملہ ایسا نہیں ہے کہ جس بارے میں نواز شریف نے پہلے سے ہی سوچ بچار کر کے اپنا ذہن بنایا ہوا ہو،وہ کلی طور پر پاکستان کے سنگین امور و مسائل پہ توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ یقینا قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت کے فیصلے کو احترام دیں گے۔

واپس کریں