دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کرانے کی' بی جے پی' کی سازش کا ا نکشاف
No image نئی دہلی ( لشیر رپورٹ) دہلی کی حکمران پارٹی کے سینئر رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان کی حکمران' بی جے پی' نے دارلحکومت نئی دہلی میں مسلم کش فسادات کرانے کی سازش کی جو ناکام بنا دی گئی۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر لیڈر سومناتھ بھارتی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی میں فسادات کی ناکام کوشش کی ہے، جس کے ثبوت لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کردیئے گئے ہیں۔ مسٹر سومناتھ بھارتی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی نے جعلی فوٹو دکھا کر ملک کو گمراہ کیا ہے کہ'آپ' قبرستان بنانے جا رہی ہے۔ بی جے پی نے سابق ایم پی شہاب الدین کی آئی ٹی او کے پیچھے قبرستان میں دفن ہونے کی تصویر دکھا کر دہلی کے اندر فساد کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بی جے پی کی بدعنوانی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈر شیلیندر سنگھ مونٹی نے زمین پر قبضہ کرکے ہوٹل- گھر بنائے ہیں، جن کے پاس 2007 کے کونسلر کا الیکشن لڑنے کے لیے پیسے نہیں تھے اور 2020 میں ان کے پاس 28 کروڑ کے اثاثے تھے، اس وقت مونٹی کے پاس بڑے گھر ، فلیٹ، ہوٹل، بار، ریزورٹس اور آس پاس کی زراعتی زمین ہے۔ بی جے پی لیڈر ہونے کی وجہ سے ای ڈی اور سی بی آئی اس کی تحقیقات نہیں کریں گے، اس لیے لیفٹیننٹ گورنر کو ای ڈی-سی بی آئی سے اس کی جانچ کرانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 16 ستمبر کو ایک ویڈیو جاری کیا تھا۔ اس ویڈیو کے ذریعے لینڈ جہاد کی کہانی بتائی گئی، ٹی وی چینلز نے تصدیق کیے بغیر یہ ویڈیو اپنے چینلز پر چلائی۔ ویڈیو دکھاتے ہوئے سومناتھ بھارتی نے کہا کہ بہار کے سابق ایم پی شہاب الدین کی موت تہاڑ جیل میں کورونا سے ہوئی۔ یہ تصویر آئی ٹی او کے پیچھے قبرستان میں ان کی تدفین کی ہے۔ اس تصویر کو دکھا کر بی جے پی نے دہلی کے اندر فساد کرانے کی کوشش کی۔ اس ملک میں زمین کے جہادی کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی اور ملک کو گمراہ کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی قبرستان بنانے جا رہی ہے۔ میں بڑے رنج کے ساتھ کہتا ہوں کہ میڈیا نے بھی بی جے پی کی سازش کا ساتھ دیا۔ شکر ہے کہ ہنگامہ ٹل گیا۔ اب میں نے میٹنگ کے دوران یہ اطلاع لیفٹیننٹ گورنر کو تحریری طور پر دی ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ دہلی میں فسادات میں بی جے پی کی کارستانی کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔ دکھائی گئی تمام تصاویر جھوٹی تھیں۔ میں میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ بی جے پی پر بھروسہ نہ کریں۔ وہ جو کچھ بھی دکھائے، اس کے حقائق کی جانچ کروائیں، اس کے بعد ہی اس پر کچھ اعتماد کریں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ بی جے پی نے حقیقت جاننے کے باوجود ایک مظاہرہ کیا۔ اس میں بی جے پی لیڈر آدیش گپتا، رام ویر سنگھ بیدھوری نے حصہ لیا تھا۔
واپس کریں