دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی طرف سے وزارتوں میں حکومتی نمائندگان کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل
No image مظفرآباد( کشیر رپورٹ) 22 ستمبر 2022۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حیثیت سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے لیٹر پیڈ کے بجائے ایک سادہ کاغذ پہ وزیر اعظم تنویر الیاس کے دستخط سے جاری اس نوٹفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومتی امور کی بمطابق حکومتی پالیسی انجام دہی کو یقینی بنانے اور مختلف وزارتوں میں حکومتی نمائندگان کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جب کہ کمیٹی ممبران میں وزیر حکومت چوہدری مقبول گجر،سینئر نائب صدر پی ٹی آئی چوہدری ظفر انور،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی راجہ منصور خان،میر عتیق احمد،چوہدری عامر نذیر،سردار قاضی اسرائیل شامل ہیں۔ کمیٹی حکومتی امور کو حکومتی پالیسی کے عین مطابق عملدرآمد پر مختلف محکمہ جات میں معاونت فراہم کرے گی اور وزیراعظم کو اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔اس نوٹیفیکیشن کی کاپی وزرائ/اراکین اسمبلی/مشیران حکومت ، معاونین خصوصی،پارلیمانی سیکرٹریزکے علاوہ چیف سیکرٹری اور آزاد کشمیر حکومت کے تمام سیکرٹریز کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
وزیر اعظم تنویر الیاس کی طرف سے جاری اس نوٹیفیکیشن سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت کی کابینہ اور اور ان کی پارٹی میں اختلافات پائے جا رہے ہیں ۔وا ضح رہے کہ ان دنوں آزاد کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی طرف سے تنویر الیاس حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی تیاریوں کی اطلاعات عام ہیں۔ وزیر اعظم تنویر الیاس نے اس صورتحال میں گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ '' ہارس ٹریڈنگ سے اپنی پارلیمانی پارٹی پہ ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا''۔
یہ دلچسپ امر ہے کہ دولت کے بل بوتے' پی ٹی آئی' آزاد کشمیر کی صدارت اور آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کا عہدہ حاصل کرنے والے وزیر اعظم تنویر الیاس کا اپوزیشن کی عدم اعتماد کی کوشش پہ یہ کہنا کہ'' ہارس ٹریڈنگ سے اپنی پارلیمانی پارٹی پہ ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا''، مضحکہ خیز ہے۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے عہدیدار بھی وزیر اعظم و صدر تحریک انصاف تنویر الیاس سے نالاں ہیں اور وزیر اعظم تنویر الیاس کے جاری کردہ اس نوٹیفیکیشن سے بھی ان کی پارٹی اور کابینہ میں اختلافات پائے جانے کی تصدیق ہوتی ہے۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس نوٹیفیکیشن کے ذریعے پارٹی عہدیداروں کی حکومتی امور میں مداخلت پر کابینہ میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
واپس کریں