دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فاشسٹ ریاست بنانے کی سازش ،گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی پاکستان کے خلاف جرم ، مودی کو مقبوضہ کشمیر میں '' بیل آئوٹ'' دیا جا رہا ہے۔احسن اقبال
No image لاہور۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو یک جماعتی والی فاشسٹ ریاست بنانے کی سازش ہو رہی ہے،گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں،گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی پاکستان کے ساتھ سنگین جرم ہے،مودی کو مقبوضہ کشمیر میں '' بیل آئوٹ دینے کے مترادف ہے۔شہباز شریف کی گرفتاری پر اپوزیشن اتحاد کا اجلاس طلب کر لیا ہے اور قومی اسمبلی و سینٹ میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے سوموار کو لاہور میں مریم نواز کی پریس کانفرنس میں ابتدائی طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوریت میں ایک اور سیاہ دن ہے،جب اپوزیشن لیڈر،مسلم لیگ(ن) کے صدر کو نیب گردی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔پاکستان میں ون پارٹی فاشسٹ ریاست قائم کرنے کی سازش ہو رہی ہے،اس کے لئے اپوزیشن کا گلاگھونٹا جا رہا ہے،اس کے لئے میڈیا کو دبایا جارہا ہے۔ خاص طور پر گلگت بلتستان جہاں الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے،انتخابی مہم شروع ہو چکی ہے،اس اہم الیکشن کے اندر جہاں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی کے روشن امکانات ہیں،گلگت بلتستان میں'' پری پول رگنگ'' کے لئے مسلم لیگ(ن) کے صدر کو گرفتار کرتے ہوئے الیکشن مہم چلانے سے روکا جا رہا ہے،گلگت بلتستان ایک اہم ترین خطہ ہے،سی پیک بھی اس خطے سے گزرتا ہے اور وہاں کسی قسم کا سیاسی بحران پیدا کرنایا اس خطے میں الیکشن میں دھاندلی کرنا،پاکستان کے ساتھ سنگین جرم ہے، اور مقبوضہ کشمیر کے مودی کے نام نہاد الیکشنز پر اس کو سرٹیفیکیٹ یا '' بیل آئوٹ'' دینے کے مترادف ہوگا۔لہذا وفاقی حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ(ن) کا ووٹر اپنے ووٹ اور عوامی مینڈیٹ کی حفاظت کرے گا اور گرفتاریوں سے اس قافلے کو روکا نہیں جا سکتا،اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے لائحہ عمل کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے،مسلم لیگ(ن) ملک بھر میں اس اقدام پر احتجاج کرے گی،قومی اسمبلی اور سینٹ کا اجلاس بھی ریکوزیشن کریں گے تاکہ اس کے ذریعے بھی احتجاج کیا جا سکے،اگر حکمرانوں نے یہ طبل جنگ بجایا ہے تو ہم اس جنگ کو لڑیں گے اور اس جنگ کو جیتیں گے۔

واپس کریں