دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر اٹھانے پر حریت رہنمائوں کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ
No image سرینگر ۔ بھارتی مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنازعہ کشمیر اور کشمیرمیں بھارتی مظالم کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عمران خان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے نام نہاد بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں نہ صرف کشمیری عوام کی نمائندگی کی بلکہ عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کی حقیقی ترجمانی کی۔
سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر کے علاقے وزیر باغ میں مختلف وفود سے خطاب میں کشمیر کاز کی مسلسل حمایت اور بین الاقوامی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی بھر پور کوششوں کی تعریف کی۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر یوںکی جدوجہد حق پر مبنی ہے اور وہ اپنے حق خود ارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ۔
دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں بشمول غلام محمد خان سوپوری، شبیر احمدڈار، بلال صدیقی ، خواجہ فردوس اور تحریک وحدت اسلامی نے اپنے بیانات میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق پر مبنی کاز کو عالمی برادری کے سامنے موثر طریقے سے پیش کرکے خود کو انکا حقیقی سفیر ثابت کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی کشمیر کاز کیلئے مسلسل حمایت کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اسلام آباد میں مظاہرہ کیا ۔ نریندر مودی آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر اپنی تقاریر میں کہا کہ نریندر مودی غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو کامیابی سے اجاگر کیا ۔ پاسبان حریت جموںوکشمیر اور تحریک استقلال نے بھی مظفر آباد میں مودی مخالف ریلوںکا انعقاد کیا۔کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے بھی برسلز میں اپنے بیان میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کشمیر پر موقف کا خیر مقدم کیا۔

واپس کریں