دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان حکومت گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کے اقدامات کر رہی ہے،پاکستان عمران خان کی ذاتی جاگیر نہیں۔ احسن اقبال
No image لاہور ۔ مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا مقصد گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے دھاندلی کا آغاز کرنا ہے اور اگر حکومت نے پری پول دھاندلی کے ہتھکنڈے بند نہیں کیے تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے، سیاسی دہشت گردی اور دھاندلی کے ہتھکنڈے قبول نہیں کریں گے۔حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن کے ہاتھ پیر باندھ کر آئندہ انتخابات میں اپنا راستہ صاف کرسکے۔ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مثالی گورننس کی ہے، نواز شریف نے گلگت بلتستان کو وہ ترقی دی جو 70 سالوں میں انہوں نے نہیں دیکھی تھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے جنرل مشرف کے مارشل لا کا بھی سامنا کرچکی ہے، اس جماعت کو نہ کوئی توڑ سکتا ہے اور نہ کوئی کمزور کرسکتا ہے۔ پاکستان کا قانون عمران خان کی ذاتی جاگیر نہیں، عدلیہ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ، سندھ ہائیکورٹ اور پنجاب ہائی کورٹ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ کسی کو بھی ٹرائل سے پہلے گرفتار کرنا اس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت سارا کام کردار کشی پر کر رہی ہے، جھوٹے الزامات لگاتی ہے، پنجاب کے ساتھ انتقام لیا جارہا ہے اور 10 سال کی جو محنت شہباز شریف نے کی اسے الٹ کیا جارہا ہے، آج تعلیم، صحت، انفرا سٹرکچر کا ڈھانچہ گر رہا ہے، شہری پریشان ہیں کہ ان سے کس بات کا انتقام لیا جارہا ہے۔اگر نیب سمجھتی ہے کہ وہ جھوٹے مقدمے قائم کرکے پاکستان کی عوام کی جدوجہد سے ہمیں پیچھے ہٹادیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کے جو مزے دیکھنے شروع کیے ہیں وہ ہم بہت مرتبہ دیکھ چکے ہیں، مگر ہم اپنے بچوں کو لٹا پٹا اور نیب کے چیچک کے د اغوں والا پاکستان نہیں دینا چاہتے بالکہ قائد اعظم کا پاکستان دینا چاہتے ہیں جہاں آئین کی بالادستی ہو۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی جماعت کو مسلط کرکے صوبے کی درگت بنادی گئی ہے اور اب پاکستان کو ون پارٹی ریاست بنانے کے ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018 کے انتخابات جادوگری اور آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے پی ٹی آئی کو فتح یاب کرایا گیا اور ملک کو ترقی دینے والی جماعت کو نکال باہر کیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی بنا کر عالمی ریکارڈ بنایا، اسی طرح جس ملک میں ایک ڈالر سرمایہ کاری کے لیے کوئی تیار نہیں تھا وہاں سی پیک کے تحت 29 ارب ڈالر کے منصوبوں عملی جامہ پہنا کر ریکارڈ بنایا۔ پاکستان کی مردہ معیشت جو 3 فیصد پر لاک ہوچکی تھی مسلم لیگ(ن)کی حکومت اسے 5.8 فیصد تک لے گئی تھی اور جنوری 2018 میں عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2019 اور 2020 میں پاکستان نے 6 فیصد سے ترقی کرے گا تاہم تحریک انصاف کی حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے اسے منفی پر لے آئی ہے۔ جس طرح معیشت، توانائی پر کام ہوا، دہشت گردی کی جنگ پہلے بھی لڑی جارہی تھی تاہم اس میں خاطر خواہ کامیابی نہیں تھی، لیگی حکومت نے سیکیورٹی اداروں کو وسائل فراہم کیے جس سے ہم کامیاب ہوئے، یہ کارکردگی افریقہ کے کسی کمزور ملک نے بھی دکھائی ہوتی تو وہ 2 تہائی اکثریت سے کامیاب ہوجاتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 51 ہزار بلدیاتی نمائندوں کو برطرف کرکے بلدیاتی اداروں میں اپنے لوگوں کو دھاندلی سے جتوانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔حکومت صحافیوں پر جھوٹے مقدمے بنارہی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں، دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ہم اس پر بھرپور احتجاج کریں گے۔
واپس کریں